نئی دہلی:ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے قومی صدر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے کہا کہ ہم اس دستوری (108 ترمیمی بل) 2008 کا خیر مقدم کرتے ہیں جس میں لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لئے ایک تہائی نشستیں مخصوص کی گئی ہیں۔ توقع ہے کہ اس سے خواتین کے ساتھ انصاف ہوگا اور انھیں سیاسی طور پر خود اختیاری حاصل ہو گی۔
البتہ انہوں نے بل کے لئے وقت کے تعین پر سوال کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے اس طرح کا قانون کے لانے کے لئے 10 سال کا طویل انتظار کیا تاہم یہ قانون ایک جملہ بازی سے زیادہ اہمیت نہیں رکھتا، اس لئے کہ اس کو رو بہ عمل لانے سے پہلے سرکار کو مردم شماری اور ڈی لمیٹیشن کے عمل سے گزرنا ہوگا۔ مردم شماری کب ہوگی کوئی نہیں جانتا اور ڈی لمیٹیشن کا عمل، 2026 سے پہلے نہیں ہوگا، یعنی اس کا مطلب یہ ہے کہ اس قانون کا کوئی فائدہ 2024 کے انتخاب میں نہیں ہو سکے گا۔