شمالی ہندوستان کے کئی حصوں میں خون جما دینے والی کڑاکے کی سردی پڑ رہی ہے ۔ قومی راجدھانی دہلی ، اترپردیش اور بہار سمیت کئی ریاستوں میں لوگوں کا سردی کی وجہ سے گھر سے باہر نکلنا مشکل ہوگیا ہے ۔ اترپردیش کے کئی اضلاع میں سرکاری اور غیر سرکاری اسکولوں کو کچھ دنوں کیلئے بند کردیا گیا ہے ۔ ساتھ ہی ساتھ گھنے کہرے کی وجہ سے فضائی ، ریل اور سڑک ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہوا ہے ۔ وہیں دہلی کے صفدر جنگ میں اتوار کی صبح سات بجے درجہ حرارت 3.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 13 ڈگری رہنے کا اندازہ لگایا گیا ہے ۔ اس درمیان محکمہ موسمیات نے اتوار کو لے کر پنجاب ، ہریانہ ، دہلی ، راجستھان ، اترپردیش اور بہار کیلئے ریڈ وارننگ جاری کی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے موسم کے انتہائی خراب ہونے کی پیشین گوئی کی ہے ۔ دوسری طرف مدھیہ پردیش کیلئے پیلی وارننگ جاری کی گئی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق قومی راجدھانی دہلی کے کچھ حصوں میں ہفتہ کو درجہ حرارت دو ڈگری سیلسیس سے بھی نیچے چلا گیا تھا ۔ لودھی روڈ میں یہ 1.7 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا تھا ۔ دہلی میں سردی نے 118 سال کا ریکارڈ توڑ دیا تھا ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ ہفتہ کی صبح 8.30 بجے دہلی کے لودھی روڈ علاقہ میں درجہ حرارت اب تک کا سب سے کم 1.7 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا ۔ وہیں صفدر جنگ اینکلیو میں 2.4 ، پالم میں 3.1 اور آیا نگر میں 1.9 ریکارڈ کیا گیا تھا ۔