نئی دہلی: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے نو منتخب جنرل سکریٹری اور جامعتہ الہدایہ جے پور کے سربراہ مولانا فضل الرحیم مجددی نے مسلم پرسنل لاء بورڈ کو مضبوط اور ملک و ملت مفید بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے عائلی مسائل حل کرنے کے مرحلے میں ہم سب کو باہمی اخلاص و احترام اور ایک دوسرے سے معاونت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے جنرل سکریٹری منتخب ہونے کے بعد کہاکہ ہماری کوشش ہوگی کہ تقسیم کار کے اصول پر عمل کرتے ہوئے باہمی اعتماد کے جذبات کو پروان چڑھاتے ہوئے ہم سب بورڈ کے بلند اہداف کی طرف بڑھتے جائیں اور ملک و ملت کو درپیش چیلنج کا حل پیش کریں۔ انہوں نے کہاکہ مسلم پرسنل لاء بورڈ سے مسلمانوں کے جذبات و احسات اور امیدیں وابستہ ہیں۔ہمیں نہ صرف مسلمانوں کی امیدوں پر کھرا اترنا ہے بلکہ اس سمت میں کوشش کرنی ہے کہ مسلمانوں کی وابستگی کیسے مزید مضبوط ہو۔
انہوں نے کہاکہ اندور میں منعقدہ مجلس عاملہ کے خصوصی اجلاس کی اہمیت اس لئے بھی ہے کہ ممتاز عالم دین اور اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا کے سکریٹری جنرل مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کا صدر کے طور پر انتخاب عمل میں آیا۔ مولانا کے انتخاب سے ملت اسلامیہ میں اچھا اور مثبت پیغام جائے گا۔
مولانا فضل الرحیم مجددی نے کہا کہ حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ مجلس عاملہ کے اجلاس میں تین نئے سکریٹریز دارالعلوم ندوۃ العلماء کے ناظم مولانا سید بلال حسنی ندوی، امارت شرعیہ بہار و اڑیسہ جھارکھنڈ کے امیر مولانا احمد ولی فیصل رحمانی، مولانا ڈاکٹر یاسین عثمانی بدایونی کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کئی برسوں سے ہمارے رفیق، بورڈ کے سکریٹری اور سوشل میڈیا انچارج مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی اپنی ذمہ داری بخوبی انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے سکریٹریز سے بورڈ کے کاموں کو تقویت حاصل ہوگی۔