نئی دہلی:وشو ہندو پریشد نے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کو قانونی نوٹس جاری کیا ہے۔ وشو ہندو پریشد نے کانگریس کے کرناٹک انتخابی منشور میں بجرنگ دل کے خلاف ہتک آمیز تبصرہ کرنے کا الزام لگایا ہے اور 100 کروڑ روپے کے معاوضے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ نوٹس وی ایچ پی کی چنڈی گڑھ یونٹ اور اس کی یوتھ ونگ بجرنگ دل نے چار مئی کو ہی جاری کیا تھا، جس میں 14 دنوں کے اندر معاوضے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پارٹی کو بھیجے گئے سوالات پر کانگریس کی طرف سے فوری طور پر کوئی جواب نہیں آیا۔
دراصل کرناٹک میں 10 مئی کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے اپنے انتخابی منشور میں کانگریس نے کہا کہ وہ بجرنگ دل اور پاپولر فرنٹ آف انڈیا جیسی تنظیموں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ کانگریس نے کہا تھا کہ وہ ذات اور مذہب کے نام پر نفرت پھیلانے والی تنظیموں پر "پابندی" عائد کرےگی۔ وی ایچ پی کے وکیل اور اس کے قانونی سیل کے شریک سربراہ ساحل بنسل نے قانونی نوٹس میں کانگریس پر الزام عائد کیا ہے کہ منشور میں صفحہ 10 پر کانگریس نے وشوا ہندو پریشد کی ایسوسی ایٹ باڈی بجرنگ دل کے خلاف ہتک آمیز بیانات دیے اور تنظیم پر پابندی لگانے کا اعلان کیا اور اس کا موازنہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا سے کیا۔