نئی دہلی:جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سینئر سیکنڈری اسکول (جے ایس ایس ایس) میں اس سال ون مہتسو تقریبات کا آغاز اسکول کے احاطے میں شجرکاری مہم اور ٹیلنٹ ایوارڈ پروگرام سے ہوا۔ اسکول کے طلبا، اساتذہ اور اسٹاف نے اس ماحول دوست سرگرمی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ منتظمین کے مطابق پروگرام کا مقصد صرف ہریالی بڑھانانہیں، بلکہ ماحولیاتی توازن اور ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کی اہمیت کے تئیں طلبا میں بیدار ی پیدا کرنا بھی ہے۔ اسکول کے سابق فارغین کی موجودگی سے پروگرام میں چار چاند لگ گئے۔ انہیں اس پروگرام میں مدعو کیا گیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے تعلیمی دور کی بیش قیمت یادیں اور تجربات شیئر کئے۔
قدیم طلبا کی حصولیابیوں کو دکھا کر اور ان کی زندگیوں پر مادر علمی کا کیا اثر ہے اس سے موجودہ طلبا کو تحریک دینا بھی اس پروگرام کا ایک مقصد تھا۔ سابق فارغین نے اس موقع پر جو تقریریں کیں وہ نہ صرف تحریکا تھیں بلکہ اس دور میں جو اقدار ان کی زندگی کا حصے بنے ان کی اہمیت بھی اجاگر کر رہی تھیں۔ شجرکاری مہم کے بعد اسکول کے ہال میں ثقافتی پروگرام اور ٹیلنٹ ایوارڈ تقریب بھی منعقد ہوئی۔ جے ایس ایس ایس کے پرنسپل ڈاکٹر محمد ارشد خان نے ون مہتسو کی اہمیت پر زور دیا اور طلبا میں ماحولیاتی بیداری پیدا کرنے کے سلسلے میں اس کے رول کی اہمیت و وقعت کو بھی بتایا۔ پرنسپل نے شجرکاری مہم میں سرگرم حصہ داری کے لیے طلبا اور اساتذہ کی کوششوں کی تعریف کی اور ساتھ ہی ماحولیاتی پایہ داری کے تئیں اسکول کے عہد کو بھی اجاگر کیا۔