دہلی: اردو اکادمی دہلی کے زیر اہتمام سالانہ ایوارڈ تقریب کا انعقاد آڈیٹوریم دہلی سکریٹریٹ ،آئی پی اسٹیٹ، نئی دہلی میں کیا گیا۔ اس ایوارڈ تقریب میں 2019-20 اور 2021-22 کے لیے اردو زبان و ادب کے مختلف گوشوں میں نمایاں کارکردگی ادا کر رہے مصنفین کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس پر وقار ایوارڈ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی وزیر برائے سماجی بہبود، حکومتِ دہلی راج کمار آنند نے شرکت کی۔ راج کمار آنند نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تمام ایوارڈ یافتگان کو مبارک باد پیش کی اور بے حد خوشی کا اظہار کیا کہ اردو اکادمی دہلی، زبان و ادب کے فروغ میں مختلف نوعیت کے کام کرتی رہی ہے جو کہ قابل ستائش ہے اور اسی سلسلے کے تحت زبان و ادب کے قلم کاروں کو ان کی خدمات کے عوض اعزازات سے نوازا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال جس طریقے سے تمام زبانوں کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں وہ مستقبل میں بھی کرتے رہیں گے تاکہ اردو اکادمی دہلی مزید ترقی کرے۔
اردو اکادمی، دہلی کے سکریٹری محمد احسن عابد نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادباء و مصنفین کی خدمات کے اعتراف میں مختلف طریقوں و اسکیموں کے ذریعے اردو اکادمی دہلی اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی ہے۔ ان اسکیموں میں ایک پروقار اسکیم سالانہ ایوارڈ کی تفویض بھی ہے۔ اس کے تحت قومی اور ریاستی سطح کے ایوارڈ بھی دیے جاتے ہیں۔ اس موقع پر گزشتہ دو برسوں کے ایوارڈ تقسیم کیے جارہے ہیں۔ یہ ایوارڈ تقریب بھی بہت پہلے منعقد ہونی تھی، لیکن بعض وجوہات کے سبب تاخیر ہوئی۔
انھوں نے کہا کہ 2020-21 کے ایوارڈ کے لیے کورونا وبا کی ناگزیر وجوہات کے سبب ماہرین سے رائے طلب نہیں کی گئی تھی اس لیے اس پر کارروائی نہیں ہوسکی۔ سکریٹری اکادمی نے وزیر برائے سماجی بہبود، حکومتِ دہلی راج کمار آنند کا بھی شکریہ ادا کیا کہ وہ اپنی مصروفیات میں سے وقت نکال کر یہاں تشریف لائے۔ محکمۂ فن، ثقافت والسنہ، حکومتِ دہلی کے سکریٹری سی آر گرگ نے ایوارڈ یافتگان کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ قلمکاروں کی خدمات کا اعتراف بہت ضروری ہوتا ہے کیوں کہ لٹریچر ہماری تہذیب وثقافت کا اہم حصہ ہے، جس کے بغیر ایک بہترین معاشرے کی تشکیل ناگزیر ہے، ان مصنفین کی اردو زبان و ادب کے تئیں جاں نثاری اور خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
انھوں نے سبھی ایوارڈ یافتگان کی خدمت میں اپنے محکمے اور اکادمی کی جانب سے مبارک باد پیش کی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ آنے والے دنوں میں بھی ایسی ہی بہتر کارکردگی انجام دے کر ایوارڈ حاصل کریں گے۔ اردو اکادمی دہلی کی سالانہ ایوارڈ تقریب میں 2019-20 کے لیے جیلانی بانو کو’کل ہند بہادر شاہ ظفر ایوارڈ‘ پیش کیا گیا۔جب کہ ’پنڈت برجموہن دتاتریہ کیفی ایوارڈ‘سے پروفیسر شریف حسین قاسمی کو نوازا گیا۔ انھیں بطور اعزاز دو لاکھ اکیاون ہزار روپے نقد، مومینٹو، سرٹیفکیٹ اور شال پیش کی گئی۔