نئی دہلی: مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ہندوستان ہمیشہ سے امن کا حامی رہا ہے لیکن اگر کوئی دشمنی کے جذبے سے اس کی طرف غلط نظروں سے دیکھے تو ہندوستانی فوج اس کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
پیر کو 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر مرکزی وزیر راجناتھ سنگھ نے آل انڈیا ریڈیو کے ذریعے مسلح افواج کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’ایک قوم کے طور پر، ہمارے قدیم اصول پوری دنیا کو یہ پیغام دیتے ہیں، کہ ہندوستان ہمیشہ امن کا حامی رہا ہے۔ ہم نہ صرف امن کے خواہاں ہیں بلکہ اپنے عمل سے امن کے لیے اپنی وابستگی کا اظہار بھی کرتے ہیں۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہم یہ بھی واضح کرتے ہیں کہ اگر کوئی ہماری طرف بد نیتی یا دشمنی کے جذبات سے دیکھنے کی جرات کرتا ہے تو ہماری افواج اس کا منہ توڑ جواب دیں گی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ حکومت قومی مفاد کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور اس معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ مسلح افواج کو مزید طاقتور، اور نئے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بنانے کی ضرورت ہے، اس لیے حکومت شروع ہی سے افواج کو عالمی معیار کے آلات، ہتھیاروں اور تربیت سے لیس کرنے میں مصروف رہی ہے۔ اس سے نہ صرف جنگ میں ہونے والے نقصانات کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے بلکہ فوجیوں کے حوصلے بھی بلند ہوتے ہیں۔