نئی دہلی: مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ آزادی کے 75 برس کے جشن "امرت مہوتسو" کے تحت ملک بھر میں 75 "ہنر ہاٹ" کے ذریعے سات لاکھ پچاس ہزار دستکاروں، کاریگروں ، ہنرمندوں کو روزگار اور ملازمت دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مختار نقوی نے پیر کے روز یہاں کہا کہ 'ملک بھر میں خالی پڑی وقف کی اراضی پر 75 "امرت مہوتسو پارک" بھی تعمیر کیے جائیں گے۔ یہ "امرت مہوتسو پارک" مرکزی وزارت اقلیتی امور کی 'وقف ترقیاتی اسکیم' اور 'پردھان منتری جن وکاس پروگرام' کے تحت تعمیر کیے جائیں گے'۔
انہوں نے بتایا کہ 2023 تک "امرت مہوتسو" کے تحت، ملک بھر میں"میرا وطن، میرا چمن" مشاعرے کا بھی انعقاد کیا جائے گا، جس میں ملک کے معروف اور ابھرتے ہوئے شعراء و شاعرات "ایک بھارت-شریشٹھ بھارت" کے عزم سے بھرا پیغام دیں گے۔
وزیر موصوف نے بتایا کہ ملک کے تمام حصوں میں 75 "ہنر ہاٹ" کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں ملک کے ہر علاقے کے کاریگر، دستکار،ہنرمند اپنی ہاتھ سے تیار کردہ دیسی مصنوعات کی نمائش اور فروخت کریں گے۔ مقامی "ہنر ہاٹ" میں ملک کے مختلف علاقوں سے روایتی پکوانوں اور غذاؤں کا ایک سیکشن "باورچی خانہ" بھی ہوگا۔