نئی دہلی: روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائیویز کے وزیر نتن گڈکری نے آج کہا کہ قومی راجدھانی دہلی کی بھیڑ کو کم کرنے کی کوشش کے تحت شہری توسیعی سڑک پروجیکٹ- یو ای آر دو تعمیر کیا جا رہا ہے جس میں غازی پور لینڈ فل سے 20 لاکھ ٹن پلاسٹک کا فضلہ استعمال کیا جائے گا۔ جمعرات کو پروجیکٹ کے علاقے میں تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے نتن گڈکری نے کہا کہ یہ ایک بہت ہی مہتواکانکشی پروجیکٹ ہے، جس کی تعمیر کے بعد مغربی اور جنوبی دہلی میں ٹریفک کے لیے ایک متبادل راستہ دستیاب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ نہ صرف دہلی کی ٹریفک کو ہموار بنائے گا بلکہ شہر کو پلاسٹک کے کچرے سے بھی نجات دلائے گا۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ اس پروجیکٹ کی تعمیر پانچ مختلف پیکجوں میں کی جا رہی ہے اور اس کی تعمیر پر 7716 کروڑ روپے کی لاگت کا تخمینہ ہے۔ اس میں غازی پور لینڈ فل سے 20 لاکھ ٹن پلاسٹک کا کچرا استعمال کیا جائے گا۔ گڈکری نے کہا کہ نیشنل ہائی وے-344 (پیکیج 1-3) کے تحت دہلی میں ایک اضافی مغربی رنگ روڈ تیار کیا جائے گا، جس کی تعمیر سے مسافروں کو اندرا گاندھی ہوائی اڈے تک پہنچنے میں صرف 20 منٹ لگیں گے۔