نئی دہلی: دارالحکومت دہلی کے بھلسوا ڈیری علاقے میں جمعہ کی رات اسپیشل سیل نے بھاری پولیس فورس کے ساتھ چھاپہ مارا۔ تقریباً دو گھنٹے کے چھاپے کے بعد گھر کے اندر سے دو دستی بم اور کچھ دیگر اسلحہ برآمد ہوا۔ دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کے دو افراد کو گرفتار کرنے کے چند دنوں بعد بھلسوا ڈیری علاقے میں ان کے کرائے کے مکان سے دو دستی بم برآمد ہوئے۔ پولیس نے ہفتہ کو یہ جانکاری دی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملزمان جگجیت عرف جسا اور نوشاد کو جمعہ کو عدالت میں پیش کیا گیا اور 14 روزہ پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ تفتیش کے دوران دونوں ملزمان پولیس ٹیم کو بھلسوا ڈیری کے علاقے شردھانند کالونی میں اپنے کرائے کے مکان پر لے گئے، جہاں ٹیم کو دو ہینڈ گرنیڈ ملے۔ ان کی رہائش گاہ سے انسانی خون کے نشانات بھی ملے ہیں۔ پورے معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے جہانگیر پوری میں چھاپہ مار کر دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ مشتبہ افراد پر ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ دونوں کی شناخت جگجیت سنگھ اور نوشاد کے طور پر ہوئی ہے۔ جگجیت سنگھ کا تعلق اتراکھنڈ کے ادھم سنگھ نگر ہے اور نوشاد دہلی کے جہانگیر پوری کا رہنے والا ہے۔ پولیس نے دعوی کیا ہے کہ ان کے قبضے سے تین پستول اور 22 زندہ کارتوس بھی برآمد کیے گئے ہیں۔