دہلی: قومی دارالحکومت دہلی کے لودھی روڈ پر واقع اسکوپ کامپلیکس میں وزارت اقلیتی امور کے زیر انتظام دو روزہ تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے، جس کا آغاز آج وزارت اقلیتی امور کی وزیر اسمرتی ایرانی نے کیا۔ اس تربیتی کیمپ میں عازمین کی خدمت کے لیے جانے والے پیرا ملٹری فورسز کے افسران، سول سروسز آفیسر، سمیت طبی عملہ بھی موجود رہے۔ اس دوران حج گائڈ لائن بھی ریلیز کی گئی۔
اس تربیتی کیمپ کا آغاز کرنے کے بعد اسمرتی ایرانی نے بتایا کہ رواں برس حج بیت اللہ کے لیے بھارت سے 1 لاکھ 75 ہزار عازمین حج پر روانہ ہوں گے، جس میں سے 1لاکھ 40 ہزار عازمین حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعے سفر حج پر روانہ ہونے ہیں۔ ان عازمین کو سفر حج کے درمیان کسی قسم کی کوئی دشواری نہ ہو اسی لیے ملک کے مختلف حصوں سے 173 طبی عملہ 129 ایڈمنسٹریٹو عملہ سمیت 450 لوگوں پر مشتمل ایک وفد بھارت سے روانہ ہوگا۔ ان 450 کی وفد میں رواں برس 129 خواتین بھی دیپوٹیشن کے لیے روانہ ہونے والی ہیں، جو اب تک کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔