نئی دہلی: لوک سبھا میں دو موجودہ اراکین رتن لال کٹاریہ اور بالوبھاؤ عرف سریش نارائن دھنورکر نیز عتیق احمد سمیت گیارہ سابق اراکین پارلیمنٹ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے ایوان کی کارروائی شروع ہونے پر ایوان کے دو موجودہ ارکان رتن لال کٹاریہ اور سریش نارائن دھنورکر کے انتقال کی اطلاع دی۔
انہوں نے بتایا کہ کٹاریہ امبالہ پارلیمانی سیٹ سے موجودہ لوک سبھا کے رکن تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ 13ویں اور 16ویں لوک سبھا کے رکن اور سابق مرکزی وزیر اور کئی پارلیمانی کمیٹیوں کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ ان کا انتقال 18 مئی 2023 کو ہوا۔ سریش نارائن دھنورکر مہاراشٹر کے چندر پور حلقہ سے لوک سبھا کے موجودہ رکن تھے۔ ان کا انتقال 30 مئی 2023 کو ہوا۔
اوم برلا نے عتیق احمد کی موت پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ "عتیق احمد اتر پردیش کے پھول پور پارلیمانی حلقہ سے 14ویں لوک سبھا کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ وہ ریلوے سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے رکن تھے۔ اس سے پہلے وہ اتر پردیش قانون ساز اسمبلی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ عتیق احمد کا قتل 15 اپریل 2023 کو پریاگ راج میں ہوا۔