یوم جمہوریہ کے پیش نظر دہلی کو پولیس چھاؤنی میں تبدیل Delhi Turns Fortress Ahead of Republic Dayکردیا گیا ہے۔حساس مقامات پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔دہلی کی سیکورٹی کے لیے پیرا ملٹری فورس کی 60 کمپنیاں اور دہلی پولیس کے 50 ہزار اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
یوم جمہوریہ کی تقریبات کے پیش نظر تمام پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ پولیس ہیڈ کوارٹر کی جانب سے حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔ تمام اضلاع کے افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ یوم جمہوریہ پریڈ سے متعلق ڈیوٹی پر زیادہ سے زیادہ پولس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے۔
دہلی پولیس کمشنر راکیش استھانہ نے اتوار کو یوم جمہوریہ کی تیاریوں کے بارے میں میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ دو ماہ سے دہلی میں انسداد دہشت گردی کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہلی ہمیشہ دہشت گردوں کے نشانے پر رہا ہے۔ ہم اس بار بھی مستعد ہیں۔ شہر میں ناکہ بندی، گاڑیوں کی چیکنگ، ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسز کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ راکیش استھانہ نے کہا کہ فضائی حدود کی حفاظت کے لیے کاؤنٹر ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ 27000سے زیادہ فورس تعینات کی جارہی ہے جس میں دہلی پولیس کمانڈوز سے لے کر ڈی سی پی، اے سی پی سطح کے افسران شامل ہیں۔ اس کے ساتھ مرکزی سیکورٹی فورسز کی 65 کمپنیاں بھی تعینات کی جائیں گی۔