دہلی: مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے گزشتہ روز وزارت اقلیتی امور کی طرف سے حج 2023 کے لیے سعودی عرب میں حاجیوں کی خدمت کے لیے منتخب کیے گئے نمائندوں کے انتظامی اور طبی دستہ کے لیے منعقدہ تربیتی پروگرام کا افتتاح کیا تھا۔ اس کا اہتمام اسکاپ کمپلیکس میں کیا گیا۔ بھارت سے رواں برس روانہ ہونے والے عازمین کی کل تعداد ایک لاکھ 75 ہزار ہے۔ ڈیپوٹیشنسٹ کے طور پر منتخب ہونے والی خاتون ڈاکٹرز سے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے بات کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ ایک بڑی تعداد میں خواتین بغیر محرم کے حج بیت اللہ کے لیے روانہ ہو رہی ہیں۔ انہیں کو دیکھتے ہوئے ڈیپوٹیشنسٹ کی فہرست میں بھی خواتین کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹریننگ میں ہمیں یہ سکھایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں عازمین کو کس طرح سے سنبھالنا ہے۔ ان کا علاج کس طرح سے کرنا ہے۔ یہ ہماری پہلی ڈیوٹی ہوگی اس کے بعد ہماری یہ ذمہ داری ہوگی کہ ہم ان لوگوں کی پریشانیوں کو حل کریں اور انہیں گائیڈ کریں۔ واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب بھارت میں حاجیوں کی طبی جانچ اور ان کی ٹیکہ کاری اور سعودی عرب میں ہسپتالوں ڈسپنسری کے لیے صحت و کنبہ بہبود کی وزارت اور اس کی ایجنسیوں کی براہ راست حصہ داری ہوگی۔