نئی دہلی: لوک سبھا میں اپوزیشن کے زبردست ہنگامے کے درمیان، ترنمول کی رکن اسمبلی مہوا موئترا سے متعلق اخلاقیات کمیٹی کی رپورٹ آج ایوان کی میز پر پیش کی گئی۔ تاہم ہنگامہ کے باعث ایوان کی کارروائی 2 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔ ایک بار ملتوی ہونے کے بعد جیسے ہی دوپہر 12 بجے ایوان کا اجلاس ہوا، پریذائیڈنگ آفیسر راجندر اگروال نے ضروری دستاویزات ایوان میں پیش کرنے کے لیے نام پکارنا شروع کیا، ویسے ہی کانگریس، ترنمول کانگریس، بہوجن سماج پارٹی، دراوڑ منیتر گژگم، راشٹر وادی کانگریس پارٹی، شیو سینا ٹھاکرے دھڑے اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے کھڑے ہو کر نعرے لگانے شروع کر دیے - بھارت کی بیٹی کا اپمان بند کرو، ناری پر آکرمن بند کرو، مودی سرکار کی ہائے ہائے۔
دریں اثنا، اخلاقایات کمیٹی کے چیئرمین ونود سونکر نے ایوان کی میز پر رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا ’’میں ایوان کی میز پر اخلاقیات کمیٹی کی پہلی رپورٹ پیش کرتا ہوں۔‘‘ اس کے بعد پارلیمانی امور کے وزیر مملکت ارجن رام میگھوال نے بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔ اس دوران اپوزیشن ارکان کا شور شرابہ اور نعرے بازی یز ہوگئی۔ اس پر مسٹر اگروال نے ایوان کی کارروائی 2 بجے تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔