نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو اخلاقی طور پر دوہرے کردار اور قانون شکنی کرنے والے بدعنوان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے 'شیش محل' کو بلڈوز کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر مملکت میناکشی لیکھی نے آج یہاں پارٹی کے مرکزی دفتر میں ایک پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔ جنتر منتر پر احتجاج کر رہے پہلوانوں پر پولیس کی مبینہ کارروائی کے خلاف احتجاج کر رہے دہلی بی جے پی کے کارکنوں کی طرف سے دھرنا ہٹانے سے متعلق کیجریوال کے تبصرے کے بارے میں پوچھے جانے پر لیکھی نے کہاکہ "جن کے خود کے مکان ڈھانے کا وقت آ گیا ہے وہ بی جے پی کو کیا ہٹائیں گے؟
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ جب بدعنوانی کا معاملہ اور ان کے شیش محل پر خرچ ہوئے 45 کروڑ روپے کا حساب پوچھا جاتا ہے تو وہ ادھر ادھر کی باتیں کرنے لگتے ہیں۔ سیدھے سوالات کا جواب نہیں دیتے۔ کیا 45 کروڑ روپے کے معاملے کو ٹکڑوں میں بانٹ کر اعلیٰ سطح کی اجازت کی دفعات سے بچنا کوئی اسکینڈل نہیں؟ اب وقت بی جے پی کارکنوں کو دھرنے سے ہٹانے کا نہیں بلکہ کیجریوال کے شیش محل کو بلڈوز کرنے کا ہے۔ قبل ازیں، لیکھی نے کہاکہ"ایک اخلاقی پستی ہے اور دوسری قانون کی خلاف ورزی ہے۔ ایک طرف کیجریوال جی نے کہا تھا کہ میں بہت سادہ زندگی گزاروں گا اور کچھ نہیں لوں گا، لیکن وہ خود کے لئے 7 اسٹار سہولیات بنانا چاہتے ہیں۔'