دہلی: روزانہ دن کے 12 بجے دارالحکومت دہلی کی اندر لوک میں واقع مسجد کے باہر غریب اور مزدور لوگ قطار لگاکر کھڑے ہوجاتے ہیں تاکہ اپنی بھوک کو مٹا سکیں۔ دراصل کچھ نوجوانوں نے دہلی کے مختلف علاقوں میں ضرورتمند لوگوں کو مفت میں کھانا کھلانے کا انتظام کیا ہے۔ ان غریب لوگوں کو مفت کھانا کھلانے کی ذمہ داری اٹھانے والے محمد شارق بتاتے ہیں کہ اندرلوک کی رسوئی سے روزانہ 150 لوگ کھانا کھاتے ہیں۔ اس کے علاوہ باڑا ہندو راؤ میں بھی ان کی رسوئی گزشتہ 100 دنوں سے مسلسل جاری ہے۔ وہاں بھی سینکڑوں لوگ مستفید ہوتے ہیں۔
کاشف قریشی بتاتے ہیں کہ آج ایک بہت بڑا طبقہ ایسا ہے جو اپنا پیسہ نشہ آور اشیا پر خرچ کرتا ہے اگر وہ لوگ نشہ کی جگہ ضرورت مند لوگوں کو کھانہ کھلانے میں خرچ کرنے لگے تو لاکھوں افراد کی بھوک مٹائی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کاروبار میں سے کچھ حصہ غریب لوگوں کے لیے نکالتے ہیں تاکہ غریب و مساکین کو روزانہ کھانا کھلا سکیں۔