نئی دہلی: بی جے پی کے ترجمان سمبیت پاترا نے منگل کی شام وزیر اعظم نریندر مودی کے انڈونیشیا کے دورے کے بارے میں ایک سرکاری معلومات شیئر کی جس میں وزیراعظم مودی کو "بھارت کا وزیر اعظم" درج کیا گیا ہے۔
وزیراعظم مودی بدھ کی رات 20ویں آسیان-انڈیا چوٹی کانفرنس اور 18ویں مشرقی ایشیاء چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے انڈونیشیا روانہ ہوں گے۔ 9 ستمبر کو جی 20 کے ایک عشائیہ کے دعوت نامہ میں مودی کو "بھارت کے وزیر اعظم" لکھا گیا ہے جبکہ صدر جمہوریہ ہند کو دعوت نامہ میں "بھارت کے صدر" لکھا گیا جس کے باعث ایک تنازع کھڑا ہوگیا کیونکہ اپوزیشن پارٹیوں نے الزام لگایا کہ حکومت لفظ 'انڈیا' کو چھوڑنے اور ملک کے نام کے ساتھ صرف بھارت لکھا رہنے کا منصوبہ بنارہی ہے۔
حکومت کے اس اقدام پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے ایکس ( ٹویٹر) پر لکھا کہ "دیکھو مودی حکومت کتنی الجھن میں ہے! 20ویں آسیان-انڈیا سربراہی اجلاس میں بھارت کے وزیر اعظم۔ یہ سب ڈرامہ صرف اس لیے ہوا کہ اپوزیشن اکٹھی ہوگئی اور اپوزیشن اتحاد کو ''انڈیا" کا نام دیا گیا ہے۔