مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے زرعی اصلاحات کے لیے لوک سبھا کے ذریعہ دو اہم بلوں کی منظوری پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ہے۔
'حکومت کسانوں کو بااختیار بنانے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے'
زراعت سے متعلق دونوں بلوں کے التزامات کے سلسلے ممیں کسانوں کے احتجاج کے درمیان مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج کہا کہ حکومت زراعت کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔
انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ ’بھارت کے محنتی کسان ملک کی خوشحالی کے علمبردار ہیں، جن پر پوری قوم کو فخر ہے۔ مودی حکومت کی صورت میں پہلی بار حکومت کسانوں کو بااختیار بنانے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے اور کل لوک سبھا میں منظور شدہ تاریخی زرعی اصلاحاتی بل اس سمت میں ایک بے مثال اقدام ہے‘۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ’مودی حکومت کے یہ تاریخی بل کسانوں اور زراعت کے شعبے کو فروغ دیں گے اور انہیں بچولیوں اور دیگر مسائل سے آزاد کریں گے۔ ان بلوں سے کسانوں کو اپنی پیداوار کو فروخت کرنے کے نئے مواقع میسر آئیں گے جس سے ان کی آمدنی میں اضافہ ہوگا‘۔