دہلی: انڈین یونین مسلم لیگ کے مرکزی لیڈر ای ٹی محمد بشیر، نیشنل جنرل سکریٹری خرم انیس عمر نے نئی دہلی میں موجود فلسطینی سفیر سے ملاقات کرکے وہاں کے حالات کا جائزہ لیا اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ خرم انیس عمر نیشنل سکریٹری کے مطابق سفارتکار نے وہاں کے حالات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ 'غزہ اس وقت کربلا کا منظر پیش کر رہا ہے، جہاں معصوم انسانی جانوں حتی کہ بچوں اور خواتین کی مسلسل ہلاکت، غذا، پانی، ادویات اور بجلی کی سپلائی کا انقطاع اور شہری علاقوں پر مسلسل بمباری نیز غزہ کے انخلا کی کوشش جاری ہے۔
فلسطینی عوام کھنڈرات اور ملبے کے درمیان زندگی کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ جبکہ اسرائیل نسل کشی پر آمادہ ہے۔ حالات انتہائی خراب ہوچکے ہیں اور عالمی برادری ابھی تک کوئی نتیجے پر نہیں پہنچی ہے۔' انڈین یونین مسلم لیگ کے نیشنل سکریٹری خرم انیس عمر نے مزید کہا کہ ہم سے جس طرح کا تعاون ممکن ہوگا ہم سب کرنے کو تیار ہیں اور فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے آگے کہا کہ 'غزہ کے ایک اسپتال 'الاھلی اسپتال' پر اسرائیلی فوج کی جانب سے وحشیانہ حملے کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ انڈین یونین مسلم لیگ، اسرائیل کے اس وحشیانہ عمل کو قتل عام اور انسانیت کے خلاف جرم سمجھتی ہے۔ اسرائیلی قابض فوج تمام جنگی قوانین اور بنیادی انسانی اقدار کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے اسکولوں اور اسپتالوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم و بربریت پر خاموشی اختیار کرنے والے ممالک اور بین الاقوامی ادارے اس گھناونے جنگی جرائم سے خود کو بری الذمہ قرار نہیں دے سکتے۔