کانگریس کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے بدھ کے روز یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت نے اس قانون اور اس کے اقدام سے متعلق پورے ملک ، ہر شہری اوریہاں تک کہ سپریم کورٹ کو بھی دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حق معلومات کے تحت موصولہ اطلاع کے مطابق حکومت نے اس قانون کے بارے میں ملک کو گمراہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے سپریم کورٹ میں ایک حلف نامہ دیکر کہا ہے کہ زراعت سے متعلق قانون سازی کرنے سے قبل عوامی مشاورت کی کوشش کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 11 دسمبر اور 15 دسمبر کو جب حکومت سےحق معلومات کے تحت ان تینوں قوانین کے بارے میں عوام سے مشاورت کے لئے معلومات طلب کی گئیں تو ، جواب میں ، کہا گیا کہ اس کے پاس اس سے متعلق کوئی دستاویز نہیں ہے۔