وزارت صحت میں جوائنٹ سیکریٹری لو اگروال نے پریس کانفرنس میں کہا کہ 'ملک میں ابھی کورونا وائرس کا انفیکشن کمیونٹی ٹرانسمیشن کے مرحلے میں نہیں پہنچا ہے۔
وہیں پنجاب کے وزیر اعلی امریندر سنگھ نے ریاست میں کورونا وائرس انفیکشن کے بڑھتے قہر کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پوری ریاست میں لاک ڈاؤن کی مدت یکم مئی تک بڑھا دی ہے۔ وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری کی صدارت میں بااختیار افسران کے گروپ کی میٹنگ میں کورونا وائرس کے بڑھتے انفیکشن سے پیدا شدہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت صحت نے بتایا کہ ملک میں ایک کروڑ ہائیڈروکسی كلوروكائن ٹیبلٹ کی ضرورت پڑ سکتی ہے جبکہ ہمارے پاس 3.28 کروڑ ٹیبلٹ دستیاب ہیں۔ جو تقریبا ضرورت سے تقریبا تین گنا زیادہ ہیں۔ وزارت داخلہ نے اس مہینے میں آنے والے تہواروں کے پیش نظر تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لیے ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ لاک ڈاؤن کے اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کریں اور کسی طرح کی سماجی و مذہبی تقریبات میں ہجوم اکٹھا نہ ہونے دیں۔ کسی طرح کے جلوس، مظاہرے وغیرہ بھی نہ ہونے دیے جائیں۔
مہاراشٹر کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ریاست بنا ہوا ہے۔ وہاں اب تک 1364 افراد اس جان لیوا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ ریاست میں 13 افراد اس کی زد میں آکر جاں بحق ہو چکے ہیں۔ دہلی میں 898 افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں اور 14 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
تمل ناڈو میں 834 افراد متاثر ہوئے ہیں اور آٹھ ہلاک ہوئے ہیں۔ راجستھان میں 489 افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں اور تین افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔ اتر پردیش میں 431 افراد اس کی زد میں آ چکے ہیں اور چار افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ ملک میں اس وقت 6 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق 515 متاثرہ افراد اب تک صحت یاب ہو گئے ہیں اور ان کو گھر بھیج دیا گیا ہے۔