دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ میں آج سابق صدر جمہوریہ ہند اور سابق امیر جامعہ اور شیخ الجامعہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ کی 54 ویں برسی منائی گئی۔ جامعہ اسکول کے طلبا، یونیورسٹی کے طلبا، اساتذہ اور یونیورسٹی کے غیر تدریسی عملہ اور مرحوم ڈاکٹر ذاکر حسین کے اہل خانہ نے جامعہ کیمپس میں واقع ان کے مزار کی زیارت کی اور ان کی قبر پر گلہائے عقیدت نذر کیے۔ انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک دعائیہ تقریب بھی منعقد ہوئی۔
اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر نجمہ اختر نے کہا کہ 'اس یونیورسٹی کے لیے ان کی عظیم اور مقدس خدمات بے پایاں ہیں۔' شیخ الجامعہ نے کہا کہ وہ ایک عظیم مجاہد آزادی، ماہر تعلیم، ماہر معاشیات اور مایہ ناز دانشور تھے۔ انہیں بھارت رتن سے بھی سرفراز کیا گیا تھا۔ شیخ الجامعہ پروفیسر نجمہ اختر نے کہا کہ سابق صدر جمہوریہ ہند اور سابق امیر جامعہ اور شیخ الجامعہ نے یونیورسٹی، ملت اور ملک کی خوش حالی اور فلاح کے لیے اپنی غیر معمولی بصیرت، دور اندیشی اور غیر معمولی یقین سے جامعہ ملیہ اسلامیہ کا قد اونچا کیا۔