کینبرا :کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) کے عبوری سی ای اونک ہاکلی نے کہا ہے کہ 'ٹیم انڈیا اور معاون عملے کو رواں سال دسمبر میں اپنے آسٹریلیا کے دورے کے دوران 14 دن کے قرنطینہ میں رہنا پڑ سکتا ہے۔
کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا میں کرکٹ کی سرگرمیاں تعطل کا شکار تھیں۔ لیکن اب ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے مابین ناظرین کے بغیر ٹیسٹ سیریز کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
کورونا کے بعد کرکٹ شروع ہونے پر ٹیموں کو بیرونی دورے پر جانے کے لئے میزبان ملک میں کچھ دن قرنطینہ میں رہنا پڑ سکتا ہے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی انگلینڈ پہنچنے پر 14 دن تک قرنطینہ میں رہی۔تاہم ہاکلی نے یہ بھی کہا کہ 'سی اے اس بات کا خیال رکھے گا کہ کھلاڑی قرنطینہ کے دوران ہوٹل کے کمرے میں بند نہ رہیں بلکہ انہیں وہاں رہتے ہوئے تربیت کی اجازت بھی دی جائے۔
اس سے قبل کرکٹ بورڈ آف انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر سوربھ گنگولی نے بھی کہا تھا کہ 'دورہ آسٹریلیا کے دوران کپتان وراٹ کوہلی کی زیر قیادت بھارت کو کچھ وقت قرنطینہ میں رہنا پڑ سکتا ہے۔' یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے مابین رواں سال دسمبر میں چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز ہونی ہے۔
ہاکلی نے کہا کہ 'میرے خیال میں بھارتی ٹیم کو دو ہفتوں تک قرنطینہ میں رکھنا ضروری ہے۔' ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں کہ ٹیم کو قرنطینہ میں قیام کے دوران تربیت ملے تاکہ وہ تیاری کر سکیں۔