ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے کورونا وائرس سے نمٹنے اور وبا متاثرین افراد کی مدد کے لئے قومی فنڈ کا قیام کرتے ہوئے اپنی 7 ماہ کی تنخواہ فنڈ میں جمع کرادی۔
کورونا کے مریض اس وقت اسلامی ممالک میں ایران کے بعد سب سے زیادہ ترکی میں ہیں، اور وہاں 31 مارچ کی صبح تک مریضوں کی تعداد 10 ہزار 827 تک جا پہنچی تھی، جب کہ وہاں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھ کر 168 تک جا پہنچی۔
کورونا سے نمٹنے کے لیے ترکی نے بھی جزوی لاک ڈاؤن کا نفاذ کر رکھا ہے جب کہ تعلیمی اداروں سمیت کاروباری اداروں کو بند کردیا گیا ہے اور لوگوں کو گھر میں رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔
ترک خبر رساں ایجنسی ’اناطو‘ کے مطابق ترک صدر نے 30 مارچ کو کورونا سے متاثرہ غریب افراد کے لیے قومی فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی صدر نے اس فنڈ میں اپنی 7 ماہ کی تنخواہ جمع کروانے کا اعلان کردیا۔
خبر رساں ایجنسی نے یہ نہیں بتایا کہ ترک صدر کی ماہانہ تنخواہ کتنی ہے اور انہوں نے قومی فنڈ میں کتنی رقم جمع کرائی، تاہم بتایا گیا کہ صدر نے فوری طور پر اپنی نصف سال سے زائد کی تنخواہ فنڈ میں جمع کرادی۔