دہلی:سپریم کورٹ نے دہلی کے سابق وزیر ستیندر جین کو صحت کی بنیاد پر کچھ شرائط کے ساتھ 6 ہفتوں یعنی 42 دنوں کے لیے ضمانت دی ہے۔ جین طویل عرصے سے بیمار ہیں اور انہیں گزشتہ دو دنوں میں دو بار ہسپتال لانا پڑا ہے۔ وہ ابھی تک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ انہیں کل صبح تہاڑ جیل کے باتھ روم میں گرنے کے بعد ہسپتال لایا گیا تھا اور وہ آئی سی یو میں آکسیجن سپورٹ پر ہیں۔ایک ہفتے میں یہ دوسرا موقع تھا کہ جین کو طبی امداد کے لیے ہسپتال لے جانا پڑا۔ جیل حکام کے مطابق، پیر کو، صفدر جنگ ہسپتال میں ستیند جین کی ریڑھ کی ہڈی کی چوٹ کے لیے معائنہ کیا گیا جو اس سے قبل جیل کے باتھ روم میں ا گرنے سے پڑا تھا۔
عام آدمی پارٹی کے لیڈر گزشتہ سال مئی میں منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ گرفتاری کے بعد سے تہاڑ جیل میں ہیں۔ جانچ ایجنسی نے ستیندر جین پر شیل کمپنیوں کے ذریعے منی لانڈرنگ اور غیر قانونی فنڈز سے زمین خریدنے کا الزام لگایا ہے۔ دہلی کے سابق وزیر نے الزامات کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ سیاسی طور پر محرک تھے۔