خواتین اور اطفال کی فلاح و بہبود کی مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے آج اعلان کیا کہ خواتین اور بچوں کی فلاح و بہبود سے متعلق مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی مختلف سکیمز میں بہتر تال میل اور تعاون کے لیے ان کی وزارت اور نیتی آیوگ اگلے برس کی شروعات تک ایک قومی منصوبہ تیار کرے گا۔
'خواتین اور اطفال کی فلاح و بہبود کے لیے مرکز اور ریاست میں تعاون' سمرتی ایرانی نے مرکز اور ریاستوں میں خواتین اور بچوں کی فلاح وبہبود سکیمز میں تال میل پر منعقدہ دو روزہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اور بچوں کی فلاح وبہبود کے لیے مرکز اور ریاستی حکومتوں میں تال میل بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں طرف کی سکیمز میں تال میل اور تعاون کے لیے خواتین اوراطفال کی فلاح و بہبود کی وزارت اور نیتی آیوگ ایک قومی منصوبہ تیار کرے گا، یہ منصوبہ اگلے برس کی شروعات تک اعلان ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ریاستوں میں خواتین اور بچوں کی فلاح وبہبود کی سکیمز کے بہتر نفاذ کے لیے ریاستوں کی ترجیحات طے ہونی چاہیے۔ اسی کی طرز پربچوں کی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف اداروں کی ترجیحات طے کی جاسکتی ہیں۔
ورکشاپ میں مرکز اور ریاستی حکومت کے سینیئر حکام غیرسرکاری تنظیموں کے نمائندوں اور آنگن واڑی کارکنوں نے بھی حصہ لیا۔