مسلم لڑکیوں اور خواتین کی تصاویر سے متعلق سُلی ڈیل کیس میں ویمن کمیشن نے دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا ہے۔ میڈیا میں کئی خبریں شائع ہونے کے بعد کمیشن نے اس معاملے میں دہلی پولیس سے بہت سی معلومات طلب کی ہیں۔ معاملے کی سنگینی کے پیش نظر کمیشن نے پولیس کو 12 جولائی تک کا وقت دیا ہے۔
دہلی خواتین کمیشن نے سُلی ڈیلز ایپ کیس میں از خود نوٹس لیتے ہوئے دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا ہے۔ در اصل گٹ ہب (github) نامی ایک ہوسٹنگ پلیٹ فارم کے ذریعہ تیار کردہ سُلی ڈیلز ایپ پر اپلوڈ کی گئی مسلم خواتین کی تصاویر کے بارے میں معلومات طلب کی گئی ہیں۔
کمیشن نے دہلی پولیس سے سلی ڈیلز ایپ پر اپلوڈ ہونے والی مسلم خواتین کی تصاویر کے حوالے سے چار اہم معلومات طلب کی ہیں جس میں ایف آئی آر کی کاپی کے ساتھ ساتھ ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بھی معلومات طلب کی گئی ہیں اور ساتھ ہی ایکشن ٹیکن رپورٹ بھی دینے کو کہا گیا ہے۔