پولنگ ہفتے کے روز صبح آٹھ بجے شروع ہو جائے گی اور شام چھ بجے تک چلے گی۔ ووٹوں کی گنتی 11 فروری کو ہوگی۔ دہلی کے چیف الیکشن افسر رنبیر سنگھ کے مطابق پولنگ منصفانہ اور پرامن ڈھنگ سے کروانے کے لیے سیکورٹی کے ساتھ ساتھ کافی تعداد میں ملازمین کو تعینات کیا گیا ہے۔ مسٹر سنگھ کے مطابق پولنگ غیر جانبدارانہ کروانے کے لیے 1000024 ملازم الیکشن ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔
سیکورٹی انتظامات کے سلسلے میں مسٹر سنگھ نے کہا کہ دہلی پولیس کے 38 ہزار 874 اور ہوم گارڈ کے 19 ہزار جوان تعینات کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ بڑی تعداد میں نیم سلامتی دستوں کو بھی تعینات کیے جائیں گے۔ دہلی الیکٹورل افسر کے دفتر سے حاصل اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت کی کل آبادی دو کروڑ 14 لاکھ تین ہزار 686 ہے۔ ان میں مردوں کی تعداد ایک کروڑ 78 لاکھ تین ہزار 804 اور خواتین کی (بشمول دیگر) 93 لاکھ 59 ہزار 882 ہے۔ اس بار کل ایک کروڑ 47 لاکھ 86 ہزار 382 ووٹر ہیں جن میں سے 132 ووٹر 100 یا اس سے زیادہ عمر کے ہیں۔ بزرگ ووٹروں کو’وی آئی پی‘ ووٹر کے طور پر ووٹ ڈالنے کی سہولتیں مہیا کروائی جائیں گی ۔ بزرگ ووٹروں میں مرد 68 اور خواتین ووٹر 64 ہیں۔ سب سے معمر ووٹر گریٹر کیلاش کی چترنجن پارک رہائشی 110 سالہ خاتون كاليتارا منڈل ہیں۔