نئی دہلی:کانگریس کے جنرل سکریٹری آرگنائزیشن کے سی وینوگوپال نے کہا کہ جمہوریت کو بچانے کے لئے اس کے کارکنوں کی طرف سے نکالے گئے مشعل جلوس کو روک کر مودی حکومت نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ سچائی کے سامنے آنے کے خوف سے ہر تحریک کو کچلنے کی کوشش کر رہی ہے۔ لیکن کانگریس کسی بھی آمریت کے سامنے جھکنے والی نہیں ہے۔ کے سی وینوگوپال نے کہا کہ "پولیس ہمیں لال قلعہ سے ’سیو ڈیموکریسی مشعل امن جلوس‘ نکالنے سے روک رہی ہے اور مشعل کے جلوس کو منزل تک لے جانے کی اجازت نہیں دے رہی ہے، اس سے ہم باز نہیں آئے اور ہم نے پولیس بیری کیڈ سے آگے اپنا مارچ نکالا۔
انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں ہر قدم پر روکنے اور ہماری آواز کو دبانے کی کھوکھلی کوششیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ آمر خوفزدہ ہے، گھبرایا ہوا ہے، وہ ہماری سچائی سے خوفزدہ ہے، لیکن ہم کسی قیمت پر ہار نہیں مانیں گے۔‘‘ ڈکٹیٹر ہاریں گے، جمہوریت جیت جائے گی۔" مودی سرکار کو ڈکٹیٹر قرار دیتے ہوئے پارٹی نے کہا کہ ایک ڈکٹیٹر کا خوف دیکھو، اڈانی کا نام آتے ہی پارلیمنٹ خاموش ہو جاتی ہے، سڑک پر احتجاج ہوتا ہے تو پولس تعینات ہو جاتی ہے، 20 ہزار کروڑ کا راز فاش نہ ہو جائے۔ یہ جمہوریت کا قتل ہے۔