نئی دہلی: دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے ریجنل پاسپورٹ آفیسر اور پاسپورٹ آفس کے دیگر افسروں کے ساتھ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی آفس حج منزل میں ایک خصوصی میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی اور ریجنل پاسپورٹ آفس کے افسران کے ساتھ حج2024کے لیے درخواست دینے کے خواہشمند افراد کے لیے، جن کے پاس ابھی تک پاسپورٹ دستیاب نہیں ہیں، یا ان کے پاسپورٹ کی میعاد حکومت کی طرف سے طے شدہ تاریخ یعنی 31 جنوری 2025 سے پہلے ختم ہو رہی ہے، ان کے لیے 18 دسمبر 2023 کو دوپہر 2:30 بجے سے حج منزل میں ایک خصوصی پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جس کے تحت دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نئے پاسپورٹ بنانے اور ان کی تجدید کے لیے فارم بھرنے میں مدد کرے گی اور جلد از جلد پاسپورٹ کے اجراء کے لیے ریجنل پاسپورٹ آفس کو سفارشی لیٹر بھیجے گی۔ اس پروگرام میں ریجنل پاسپورٹ آفیسر اور ان کے دفتر کے دیگر افسران دلچسپی رکھنے والے پاسپورٹ درخواست دہندگان سے خطاب کریں گے اور ان کے مختلف مسائل و مشکلات سے متعلق سوالات کے جوابات بھی دیے جائیں گے۔