نئی دہلی:دہلی اسٹیٹ عرس کمیٹی کے صدر ایف ائی اسماعیلی نے آج ترکمان گیٹ پر واقع عرس کمیٹی کے دفتر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ دہلی سرکار کے فائننس ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے لگائے جانے والے اس ٹرانزٹ کیمپ میں سردیوں کے موسم میں زائرین کو بہتر سہولیات مہیا کرانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس کیمپ کے لیے خاص طور پنڈال بنایا گیا ہے۔اس میں زائرین کو تکیہ اور گدے بھی مہیا کرائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ گرم پانی کھانے کے لیے رسوئی کی سہولت بھی فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ 250 گیس سلنڈر بھی زائرین کے لیے مہیا کرائے گئے ہیں تاکہ وہ کیمپ کے اندر ہی اپنا کھانا تیار کر سکیں۔
قابل ذکر ہے کہ آسام، اڈیشہ، بنگال، بہار اور اتر پردیش سے بڑی تعداد میں زائرین اجمیر عرس میں شرکت کرنے کے لیے دہلی کے راستے کا استعمال کرتے ہیں۔ زائرین کے ٹھہرنے کے لیے دہلی سرکار کے ذریعے ہر سال ٹرانزٹ کیمپ لگایا جاتا ہے۔اس میں تمام طرح کی سہولیات بلا معاوضہ مہیا کرائی جاتی ہیں۔کیمپ میں ٹھہرنے کے لیے 40 ہزار سے زائد زائرین ملک کے کونے کونے سے دہلی آنے کی امید ہے۔
غور طلب ہے کہ دہلی میں ڈیزل بسوں کی اینٹری پر پابندی ہے جبکہ زائرین بیشتر ڈیزل بسوں کا ہی استعمال کرتے ہیں۔ گزشتہ سالوں میں بسوں کو بارڈر پر روکنے کی شکایتیں ملنے کے بعد رواں برس بسوں کو رنگ روڈ کے ذریعے براری میدان تک اسانی سے لانے کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ اس کے لیے لیفٹیننٹ گورنر سے خصوصی طور پر اجازت طلب کی گئی ہے۔