نئی دہلی: شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک نے اسمارٹ ایگریکلچر پروجیکٹ کو قبول کیا ہے۔ ایس سی او کے وزرائے زراعت کی آٹھویں میٹنگ جمعہ کو وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر کی صدارت میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد ہوئی۔ اس میں ہندوستان، روس، ازبکستان، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، چین اور پاکستان نے شرکت کی۔ ہندوستان کی صدارت میں ایس سی او کے رکن ممالک نے اسمارٹ ایگریکلچر پروجیکٹ کو اپنایا۔
اسمارٹ ایگریکلچر ایکشن پلان اور زراعت میں اختراع کی پہل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تومر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا زور ٹیکنالوجی کے ذریعے ملک میں زراعت کی مجموعی ترقی پر ہے اور اس سمت میں اسمارٹ ایگریکلچر کو فروغ دینے کے لیے کئی ٹھوس قدم اٹھائے گئے ہیں۔ ہندوستان کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں سبھی کا خیرمقدم کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ ہندوستان کثیرالجہتی، سیاسی، سیکورٹی، اقتصادی اور عوام کے درمیان روابط کے فروغ دینے کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ ایس سی او کے وزرائے زراعت کی میٹنگ منعقد کرنا، خاص طور پر موجودہ صورتحال میں، فوڈ سیکیورٹی اور نیوٹریشن میں تعاون کو مضبوط بنانے پر بات چیت کرنا ہمارے لئے خوشی اورفخر کی بات ہے۔