نئی دہلی:جنگ زدہ اسرائیل سے دو نیپالی شہریوں سمیت تقریباً 143 افراد کو نکالنے میں بھارت کو کامیابی ملی ہے۔مشرق وسطیٰ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے وہاں مقیم تمام بھارتیہ شہریوں کا انخلاء شروع کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر فگن سنگھ کلستے نے نئی دہلی کے ہوائی اڈے پر اسرائیل سے آپریشن اجئے کے تحت پہنچی چھٹی فلائٹ کے 143 مسافروں کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ 12 دن پہلے بھارت نے آپریشن اجے پروگرام کے تحت اسرائیل سے انخلاء کی کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔ بھارت نے غزہ میں اسرائیل کے حملوں میں شدت کے پیش نظر اپنے وطن واپس آنے کے خواہشمند تمام افراد کو نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے 'X' پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ، چھٹی آپریشن اجے فلائٹ نئی دہلی میں اتری ہے جس میں 2 نیپالی شہریوں سمیت 143 مسافر سوار تھے۔" چھٹی پرواز کے ذریعے تازہ ترین انخلاء کے ساتھ، بھارت اب تک جنگ زدہ اسرائیل سے 1,343 سے زیادہ لوگوں کو منتقل کر چکا ہے۔ اس سے قبل بھارت نے غزہ کی پٹی میں تنازعہ سے متاثرہ فلسطینیوں کے لیے امدادی سامان کا ایک طیارہ روانہ کیا ہے۔