نئی دہلی: دہلی کی ٰخصوصی عدالت نے دہلی ایکسائز پالیسی سے متعلق منی لانڈرنگ کے معاملے میں گرفتار عام آدمی پارٹی (آپ) لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا کی ضمانت کی عرضی پر سماعت ہفتہ کو آئندہ پانچ اپریل تک کے لئے ملتوی کر دی۔ خصوصی جج ایم کے ناگپال نے سیسودیا کے وکیل کی طرف سے تفصیلی دلائل دینے کے لیے وقت مانگنے پر سماعت 5 اپریل تک کے لئے ملتوی کر دی۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کا الزام ہے کہ سیسودیا اس بات کا جواب نہیں دے کر تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہے ہیں کہ انہوں نے اتنے فون کیوں بدلے۔ جانچ ایجنسی نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ کچھ خاص لوگوں کو غیر قانونی فائدہ پہنچانے کے لئے دہلی ایکسائز پالیسی کو بنانے میں سازش رچی گئی ہے جس کے نتیجے میں تھوک فروشوں کو بہت زیادہ منافع ہوا۔ سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے 2021-22 کی ایکسائز پالیسی کے مختلف پہلوؤں پر پوچھ گچھ کے بعد 26 فروری کوسیسودیا کوگرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد انہیں منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ کے دفعات کے تحت ای ڈی کی حراست میں بھیج دیا گیا۔
واضح رہے کہ شراب گھوٹالہ معاملے میں سسودیا سی بی آئی کیس میں 3 اپریل اور ای ڈی کیس میں 5 اپریل تک تہاڑ جیل میں عدالتی حراست میں بند ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ایکسائز معاملے میں پوچھ گچھ کے دوران سی بی آئی نے 26 فروری کو سابق ڈپٹی سی ایم سسودیا کو گرفتار کیا تھا۔ سی بی آئی کا ریمانڈ ختم ہونے کے بعد عدالت نے انہیں عدالتی حراست میں تہاڑ جیل بھیج دیا۔ اسے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منی لانڈرنگ کیس میں پوچھ گچھ کے دوران 9 مارچ کو یہاں سے گرفتار کیا تھا۔