نئی دہلی: قومی دارالحکومت دہلی میں کووڈ-19 کی صورتحال گزشتہ کئی دنوں سے مسلسل بہتر ہو رہی ہے۔ اس دوران اسکول کے بچوں کے سرپرستوں کے ایک وفد نے دہلی کے وزیر تعلیم منیش سسودیا سے ملاقات کی اور اسکولز کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک میمورنڈم پیش کیا۔ اس سلسلے میں وزیر تعلیم منیش سسودیا نے ٹویٹ کیا کہ وہ والدین کے مطالبے سے متفق ہیں۔
وزیر تعلیم منیش سسودیا نے ٹویٹ کیا اور لکھا کہ چندرکانت لہریا اور یامنی ایر کی طرف سے ایک میمورنڈم پیش کیا گیا ہے جس میں 1600 سے زائد والدین نے اسکولز کھولنے کے مطالبے پر دستخط کیے ہیں۔
منیش سسودیا نے ٹویٹ کیا کہ وہ والدین کے مطالبے سے متفق ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ کووڈ-19 کی صورتحال کے پیش نظر اسکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا کیونکہ بچوں کی حفاظت ضروری تھی، لیکن اتنے لمبے عرصے تک اسکولوں کو بند رکھنا بچوں کے لیے مسئلہ بنتا جارہا ہے۔ یہ بھی کہا کہ اگر سکول نہ کھلا تو ایک نسل ایسی ہو گی جو اسکول کے بغیر رہ جائے گی۔