ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر سے عوام میں خوف و دہشت کا ماحول ہے۔ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کو ہسپتال میں بیڈ نہیں مل رہے ہیں۔ مارکٹ میں دوائی دستیاب نہیں ہے اور لوگ آکسیجن کے لیے سڑکوں پر مارے مارے پھر رہے ہیں۔
ایسے میں جماعت اسلامی ہند کی طلبا تنظیم اسٹوڈنٹ اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا نے اس بحرانی دور میں متاثرین کی مدد کرنے کے لیے قدم بڑھایا ہے۔ وہ اپنے تمام ممبران کے ساتھ مل کر ملک بھر میں جہاں بھی کرونا کے مریضوں کو مدد کی ضرورت ہوتی ہے وہاں انہیں مدد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دراصل ایس آئی او کی جانب سے دارالحکومت دہلی کے اوکھلا میں 24/7 ہیلپ لائن سروس کا اغاز کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعہ کورونا مریضوں کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے انہیں مکمل طور پر گائیڈ کیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پلازما، آکسیجن اور ہسپتال میں بیڈز کی دستیابی کی اطلاع بھی دی جاتی ہے۔