نئی دہلی:عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی امانت اللہ خاں کی گرفتاری کے خلاف آج شاہین باغ، ابوالفضل اور بٹلہ ہاؤس کی زیادہ تر دکانیں احتجاجاً بند ہیں۔ دراصل امانت اللہ خاں کو جمعرات کے روز کنچن کنج میں جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے بلڈنگ کو منہدم کرنے کے دوران احتجاج کرنے پر پولیس نے گرفتار کیا تھا اور بعد میں انہیں تہاڑ جیل بھیج دیا گیا، جس کو لے کر عوام میں شدید ناراضگی ہے۔ AAP MLA Amanatullah Khan Arrested
تفصیلات کے مطابق اوکھلا اسمبلی حلقہ کے تحت شاہین باغ کے قریب مدن پور کھادر کے پاس کنچن کنج میں کل جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے انہدامی کارروائی کرنے کے لیے بلڈوزر پہنچا، جیسے ہی اس کی خبر علاقہ کے رکن اسمبلی امانت اللہ خاں کو ملی، وہ اپنے حامیوں کے ساتھ کنچن کنج پہنچ گئے۔ اس دوران وہ دھرنا پر بیٹھ گئے۔ اسی دوران کسی سرپھرے نے پتھر بازی شروع کردی جس میں کئی پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ Anti-Encroachment Drive in Delhi
امانت اللہ خاں کے احتجاج اور عوام کے اشتعال کو دیکھتے ہوئے پولیس نے رکن اسمبلی اور ان کے حامیوں کو حراست میں لے لیا اور انہیں کالکا جی پولیس اسٹیشن لے گئے۔ اس کے بعد میڈیکل چیک اپ کے بعد تہاڑ جیل بھیج دیا گیا۔ اس کی خبر علاقے میں پہنچتے ہی دیر رات مائک پر منادی کرادی گئی کہ جمعہ کے روز یعنی آج اپنے رکن اسمبلی امانت اللہ خاں کی حمایت میں دکانیں بند رکھ کر احتجاج کریں گے۔ Shops Closed in Support of AAP MLA