نئی دہلی:قومی دارالحکومت دہلی میں واقع شاہی امام مسجد فتح پوری کے مولانا مفتی محمد مکرم احمد نے کہا کہ ہریدوار میں کچھ لوگوں کا قربانی کے خلاف زہر افشانی کرتے ہوئے ویڈیو وائرل ہو رہا ہے۔ وہیں دوسری جانب عید الاضحی پر قربانی کرنے اور بکرا منڈی لگانے پر مسلمانوں کے خلاف دہلی جنوبی زون کے ایم سی ڈی کے ویٹرنری سروسز کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے دہلی پولیس کو خط لکھ کر سخت قانونی کارروائی کرنے کو کہا ہے۔
مفتی مکرم نے حکومت سے پر زور مطالبہ کیا کہ بھارت کی آزادی سے قبل بعد میں ہر سال عیدالاضحی منائی جاتی آ رہی ہے تو اب ایسی کیا پریشانی ہے، انہوں نے اپیل کی ہے کہ نماز اور قربانی میں فساد پھیلانے والوں پر سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل بھی کی ہے کہ سنجیدگی، صبر و تحمل کے ساتھ عید الاضحی کی نماز ادا کریں اور قربانی کا فریضہ انجام دیں۔ علاقہ کے ذمہ داران اور پولیس کی صلاح و مشورہ سے ہر کام کو انجام دیں۔ قربانی کے فوٹو یا ویڈیو نہ بنائیں۔ صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں نیز سڑک پر راستہ میں قربانی کے باقیات نہ ڈالیں سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔