تین زرعی قانون کے خلاف ملک گیر پیمانے پر جاری کسانوں کی تحریک کی حمایت کرنے کے لئے شاہین باغ تحریک سے وابستہ خواتین کی ایک ٹیم کسانوں کی حمایت کرنے کے لئے آج یہاں راج گھاٹ پر پہنچیں اور ان کے کاز کی حمایت کرتے ہوئے ان کے اظہار یکجہتی کیا۔
شاہین باغ تحریک سے وابستہ ملکہ، نصرت آرا، کرانتی سہگل اور دیگر خواتین نے اس موقع پر کہا 'ہمیں کسانوں کے درد کا احساس ہے اور ہمیں قومی شہریت (ترمیمی) قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف تکلیف دہ حالات سے گزرناپڑا ہے اور اب یہی کیفیت ہمارے کسان بھائیوں کی ہے'۔
انہوں نے کہا کہ اس ناانصافی کے خلاف ہمیں مضبوطی کے ساتھ آنا چاہئے اور ہمارے اتحاد میں ہی ہماری کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا 'ہمارے کسان بھائی آج پریشان حال ہے اور حکومت کسانوں کی بات سننے کے لئے تیار نہیں ہے۔ جس طرح حکومت نے قومی شہریت (ترمیمی) قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف تحریک کے دوران ہماری بات نہیں سنی'۔
یہ بھی پڑھیے
ملک کے مختلف حصوں میں زرعی قوانین کے خلاف احتجاج
انہوں نے کہا 'اب وقت آگیا ہے کہ مشترکہ طور پر ناانصافی کے خلاف لڑائی لڑیں'۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اس حکومت کے رویے سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ وہ غریبوں، دلتوں، اقلیتوں اور کسانوں کے مفادات کی نگہبانی کرنے والی نہیں ہے۔ اس لئے سب کو اس کے خلاف سڑکوں پر آنا ہوگا اور حکومت کو بات ماننے کے لئے مجبور کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ کسانوں نے آج راج گھاٹ پر زرعی قانون کے خلاف دھرنا دیا تھا۔