دہلی: قومی دارالحکومت دہلی سے عازمین حج کی پروازوں کا سلسلہ 22 مئی سے شروع ہونے جا رہا ہے۔ عازمین کی تمام کاغذی کاروائی بھی اپنے اختتام پر ہے۔ ایسے میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ذریعے سفر حج پر جانے کی درخواست دے کر قرعہ اندازی میں منتخب ہونے والے 9 عازمین کے اسمائے گرامی پر حج کمیٹی آف انڈیا نے اعتراض کیا تھا، جس پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے اہم کردار ادا کرکے عازمین حج کے اس مقدس سفر کو یقینی بنایا۔ اب وہ تمام لوگ جن کے ناموں پر اعتراض تھا وہ سفر حج پر روانہ ہوں گے۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے جب دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ دراصل ان 9 عازمین حج کے نام روایتی مسلم نہ ہوکر روایتی ہندو نام ہیں، جس پر حج کمیٹی آف انڈیا نے اعتراض جتایا تھا۔ اس اعتراض کے جواب میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے متعلقہ عازمین سے حلف نامہ بنوایا تاکہ اعتراض کو دور کیا جاسکے لیکن حج کمیٹی آف انڈیا نے حلف نامہ قبول کرنے سے انکار کردیا۔
اس کے بعد دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد عارفی نے بحیثیت گورنمنٹ آفیسر ان 9 عازمین کے سرٹیفکیٹ تیار کئے اور اس بات کی تصدیق کی کہ یہ 9 عازمین پیدائشی مسلمان ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں اپنا مذہب تبدیل نہیں کیا اس تصدیق کے بعد حج کمیٹی آف انڈیا نے اطمینان کا اظہار کیا اور ان کی درخواستوں کو قبول کرلیا۔