نئی دہلی: جی 20 سربراہی اجلاس کے پیش نظر دارالحکومت میں چپے چپے پر سیکورٹی فورسز کو تعینات کرکے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس وقت نہ صرف لوٹینس زون بلکہ پوری دہلی ہائی الرٹ پر ہے۔ زمین سے ڈرون تک سے دہلی کے کئی علاقوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی جن 16 ہوٹلوں میں غیر ملکی مہمانوں کی رہائش کے انتظامات کیے گئے ہیں ان ہوٹلوں کی نگرانی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقام انعقاد پرگتی میدان کی سیکورٹی کے لئے اسپیشل پولیس کمشنر سطح کے افسران کمان سنبھال رہے ہیں، جبکہ ڈپٹی کمشنر آف پولیس سطح کے افسران ہوٹلوں میں کیمپ کمانڈر کے طور پر تعینات ہیں۔ حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔ سیکورٹی کے لحاظ سے دہلی میں 50 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کے لیے خصوصی یونیفارم تیار کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انسداد دہشت گردی اسکواڈ کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔