اردو

urdu

ETV Bharat / state

ای وی ایم کا غلط استعمال روکنے کے لئے سیکولر جماعتوں کو مناسب کوشش کرنی ہوں گی، مولانا سجاد نعمانی - سجاد نعمانی نے کہا کہ ہندوستان کے اتحاد کے لیے

Maulana Sajjad Naumani On EVM مولانا سجاد نعمانی نے کہا کہ ہندوستان کے اتحاد کے لیے ضروری ہے کہ سیکولر نظریہ مضبوط ہو، اگر یہ کمزور ہوا تو ملک کمزور ہوجائےگا۔ کچھ غیر ملکی قوتیں ہمارے ملک کو تباہ کرنے پر آمادہ ہیں اور چند لالچی لوگ ملک دشمن طاقتوں کے ساتھ مل کر سماج کے باہمی اتحاد کو کمزور کرکے ملک کو توڑنا چاہتے ہیں۔

مولانا سجاد نعمانی
مولانا سجاد نعمانی

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Dec 26, 2023, 10:09 PM IST

نئی دہلی: ممتاز عالم دین مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی سے یوپی کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کر خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔ مولانا سجاد نعمانی نے کہا کہ ہندوستان صرف سیکولرازم سے جڑا رہ سکے گا، اگر یہ ٹوٹا تو ملک ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گا۔

مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی میڈیکل چیک اپ کے لئے لکھنؤ آئے ہوئے ہیں۔ اس دوران اکھلیش یادو عیادت کے لئے ملاقات کرنے گئے تھے۔ مولانا نعمانی نے اپنے بیان میں بتایا کہ یوپی کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادوجی میری خیریت دریافت کرنے آئے تھے کیونکہ لمبے عرصےسے زیرِ علاج ہوں۔ اس کے علاوہ ان سے ملک کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جو صورتحال پورے ملک کی ہے، وہ تشویشناک ہے، جس وجہ سے ہر محبان وطن پریشان ہیں اور ای وی ایم پر سوال اٹھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے جنوبی ہند سے بی جے پی کا صفایا ہو چکا ہے۔ اگر ای وی ایم کا غلط استعمال نہ ہوتا تو کئی ریاستوں کے نتائج مختلف ہوتے۔

مولانا سجاد نعمانی نے کہا کہ ہندوستان کے اتحاد کے لیے ضروری ہے کہ سیکولر نظریہ مضبوط ہو، اگر یہ کمزور ہوا تو ملک کمزور ہوجائےگا۔ کچھ غیر ملکی قوتیں ہمارے ملک کو تباہ کرنے پر آمادہ ہیں اور چند لالچی لوگ ملک دشمن طاقتوں کے ساتھ مل کر سماج کے باہمی اتحاد کو کمزور کرکے ملک کو توڑنا چاہتے ہیں۔ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ جمہوریت کو مضبوط کرے اور ملک کو ٹوٹنے سے بچائے اور ترقی کی راہ میں اہم کردار ادا کریں۔

مولانا نعمانی نے انڈیا اتحاد پر کہا کہ اکھلیش یادو جی نے اتحاد کے اجلاس میں شرکت کر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اتحاد کو یقین دلایا کہ وہ ملک مفاد میں سیٹوں کی تقسیم کے بارے میں متفقہ فیصلے پر عمل درآمد کے لیے تیار ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ فی الحال ایس پی یوپی کی 65 لوک سبھا سیٹوں کے لیے پوری تیاری کر رہی ہے۔ اکھلیش یادو جی نے کہا کہ انڈیا اتحاد جتنا مضبوط ہوگا، اتنی ہی ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ملک کے سامنے امید کی کرن روشن کی ہے، اس ذمہ داری کو ایمانداری سے نبھائیں اور کسی بھی ہندوستانی شہری کی امیدوں کو نہ ٹوٹنے دیں۔ اپوزیشن کا یہ اتحاد باہمی اختلافات کی وجہ سے نہیں ٹوٹنا چاہیے۔ اپوزیشن کو یہ آخری موقع ملے گا کیونکہ اب انڈیا کی عزت داؤ پر رہے گی، اسکی شکست سے انسانیت ہار جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیکولر طبقے کے لوگ ’’آئیڈیا آف انڈیا‘‘ کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ ملک کی اصل خوبصورتی تنوع میں اتحاد ہے۔ ہمارے آئین بنانے والوں نے اہل وطن کو ایسا آئین دیا ہے جس میں زبان، رنگ، کھانے پینے کی عادات اور روایات کا فرق ہونے کے باوجود پورے ملک کو ایک دھاگے میں موتیوں کی طرح پرو دیا گیا ہے۔ اسی آپسی اتحاد کو نئے آئین کے ذریعے توڑنے کی کوشش بی جے پی کر رہی ہے۔

یو این آئی

For All Latest Updates

ABOUT THE AUTHOR

...view details