نئی دہلی:کیرالہ کے کوزی کوڈ میں ٹرین آتشزنی کے معاملے کو لے کر آج ایک مرتبہ پھر شاہین باغ میں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے سرچ آپریشن انجام دیا جس کی وجہ سے شاہین باغ میں صبح سے ہی ہلچل رہی اور خوف کا ماحول دیکھنے کو ملا۔ جمعرات کو اوکھلا کے مسلم اکثریتی علاقہ شاہین باغ میں علی الصبح این آئی اے اور مقامی پولیس کی ٹیم مختلف مکانوں کی سرچ کرنے پہنچی۔ کیرالہ کے کوزی کوڈ میں 2 اپریل کو ٹرین میں آتشزدگی کے سلسلے میں یہاں کے آس پاس کے 10 مقامات پر تلاشی لی تادم تحریر کسی کو حراست میں لینے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ اس واقعے کے بعد شاہین باغ کے باشندوں میں خوف کا ماحول ہے۔
واضح رہے کہ 2اپریل کو کیرالہ کے کوزی کوڈ میں ٹرین آتشزدنی کا معاملہ سامنے آیا تھا جس میں شاہین باغ کے باشندے شاہرخ کو کلیدی ملزم قرار دیا گیا ہے۔ اس معاملے میں متعدد بار شاہین باغ میں قومی تفتیشی ایجنسی سرچ آپریشن انجام دے چکی ہے، اسی سلسلے میں آج بھی این آئی اے نے شاہین باغ میں سرچ آپریشن انجام دیا۔ این آئی اے کی تلاشیوں میں ملزم شاہ رخ سیفی اور مختلف مشتبہ افراد کی جائیداد کا احاطہ کیا گیا۔ این آئی اے کے ترجمان نے کہا: ’’ابتدائی طور پر یہ کیس کیرالہ کے کوزی کوڈ ریلوے پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا تھا۔ 17 اپریل کو این آئی اے نے تحقیقات کی ذمہ داری سنبھالی۔‘‘