قومی دارالحکومت دہلی کے موہن گارڈن پی بلاک میں واقع گورنمنٹ بوائز سینئر سیکنڈری اسکول میں ایک کلرک کی کورونا رپورٹ آنے کے بعد پرنسپل نے اساتذہ کو بغیر بتائے خود کو کورنٹائن کر لیا۔ جبکہ ان کے ساتھ کام کرنے والے اساتذہ راشن تقسیم کرتے رہے۔
ذرائع سے موصولہ معلومات کے مطابق '9 جون کو اسکول میں کام کرنے والے ایک کلرک کی کورونا رپورٹ مثبت پائی گئی۔ اس کے بعد سے پرنسپل ہوم کورنٹائن ہیں اور اساتذہ کو فون کے ذریعے ڈیوٹی کے لئے آگاہ کر رہے ہیں۔ لیکن ایک بار بھی انہوں نے کلرک کے کورونا پازیٹیو ہونے کی بات اساتذہ کو نہیں بتائی اور نہ ہی کورونا انفیکشن کی روک تھام کے لئے کوئی اقدامات کیے گئے۔'
دراصل معاملہ موہن گارڈن پی بلاک میں واقع گورنمنٹ بوائز سینئر سیکنڈری اسکول نمبر ون کا ہے۔ جس کا شناختی نمبر 1618072 ہے۔ جہاں ضرورت مندوں کو راشن کارڈز کے بغیر اساتذہ کے ذریعہ 'وزیر اعلی کورونا امدادی اسکیم' کے تحت راشن تقسیم کیا جارہا ہے۔ یہاں 5 اساتذہ صبح کی شفٹ میں اور 5 اساتذہ شام کی شفٹ میں کام کر رہے ہیں۔