نئی دہلی: سپریم کورٹ بلقیس بانو کیس کے مجرموں کی رہائی کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر پیر کو فیصلہ سنائے گی۔ بلقیس بانو کو 2002 میں گجرات فسادات کے دوران اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس میں 11 لوگ مجرم ثابت ہوئے تھے۔ گجرات حکومت نے ان مجرموں کو سزا سے استثنیٰ دیا تھا۔ اس کی بہت مخالفت ہوئی، پھر معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچ گیا۔
سپریم کورٹ بلقیس بانو کیس کے 11 مجرموں کی رہائی کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر پیر کو فیصلہ سنائے گی۔ رہائی کی مخالفت کرتے ہوئے بلقیس بانو کے وکیل نے کہا تھا کہ وہ صدمے سے ابھی تک سنبھل نہیں پائی اور مجرموں کو رہا کر دیا گیا۔ تاہم سپریم کورٹ نے مجرموں کی قبل از وقت رہائی پر بھی سوالات اٹھائے تھے۔ سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ ہم سزا میں معافی کے تصور کے خلاف نہیں ہیں، کیونکہ قانون میں اسے اچھی طرح سے قبول کیا گیا ہے۔ لیکن یہ واضح کیا جائے کہ یہ مجرم معافی کے اہل کیسے ہوئے؟
آپ کو بتا دیں کہ 27 فروری 2002 کو گجرات کے گودھرا اسٹیشن پر سابرمتی ایکسپریس کی کوچ کو جلا دیا گیا تھا۔ کوچ میں 59 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ اس کے بعد گجرات میں فسادات پھوٹ پڑے۔ بلقیس بانو فسادات کی آگ سے بچنے کے لیے اپنی بیٹی اور خاندان کے ساتھ گاؤں چھوڑ کر چلی گئی تھیں۔