نئی دہلی: سپریم کورٹ محمد فیضل پی پی کی لکشدیپ پارلیمانی حلقہ کی رکنیت بحال کرنے میں لوک سبھا سکریٹریٹ کی طرف سے مبینہ تاخیر کے خلاف ان کی درخواست پر منگل یعنی 28 مارچ کو سماعت کرے گا۔ درخواست گزار محمد فیضل کو 11 جنوری 2023 کو اقدام قتل کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ اس کے بعد 13 جنوری کو ان کی رکنیت منسوخ کر دی گئی تھی۔ تاہم، 25 جنوری کو ان کی سزا پر روک لگادی گئی تھی۔ سینئر ایڈووکیٹ اے کے ایم سنگھوی نے عرضی گزار کی طرف سے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی والی بنچ کے سامنے پیش ہوکر اس معاملے پر جلد سماعت کی درخواست کی۔ ان کے 'خصوصی پیٹیشن کا نوٹس لیتے ہوئے بنچ نے 28 مارچ کو اس کی سماعت کی تاریخ طے کی۔
رکنیت کی بحالی کے تناظر میں مسٹر سنگھوی نے بنچ کے سامنے کہا کہ سات خطوط لکھ چکے ہیں، لیکناس سلسلے میں اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کیرالہ ہائی کورٹ کی طرف سے ان کی سزا پر روک لگانے کے خلاف لکشدیپ کی یونین ٹیریٹری ایڈمنسٹریشن کی طرف سے دائر مقدمہ منگل کو جسٹس کے ایم جوزف کی سربراہی والی بنچ کے سامنے سماعت کے لیے آسکتا ہے۔ درخواست گزار کی ان گذارشات کو سننے کے بعد، عدالت عظمیٰ نے منگل کو فوری رٹ درخواست کی سماعت کی اجازت دے دی۔