نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پیر کو دہلی حکومت کی عرضی پر مرکز سے جواب طلب کیا جس میں نوکرشاہوں کے خدمات کے کنٹرول سے متعلق آرڈیننس کی آئینی حیثیت کو چیلنج کیا گیا تھا۔ چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا پر مشتمل بنچ نے دہلی حکومت کی نمائندگی کرنے والے سینئر وکیل ابھیشیک سنگھے ایم سنگھوی کو بتایا کہ یہ ایک آرڈیننس ہے ڈاکٹر سنگھوی، ہمیں اس معاملے کو سننا ہے، ہم ڈاکٹر سنگھوی کی درخواست پر مرکز کو نوٹس جاری کرتے ہیں اور لیفٹیننٹ گورنر کو جواب دہندہ کے طور پر فریق بنانے کے لیے درخواست میں ترمیم کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔ اور سماعت کو 17 جولائی تک ملتوی کرتے ہیں۔
عام آدمی پارٹی حکومت نے اپنی درخواست میں ایگزیکٹیو آرڈر کو صوابدید قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سپریم کورٹ اور آئین کے بنیادی ڈھانچے کو پامال کرنا چاہتا ہے۔ اس آرڈیننس کو منسوخ کرنے کے ساتھ ساتھ دہلی حکومت نے اس پر پابندی لگانے کی بھی درخواست کی ہے۔ واضح رہے کہ 19 مئی کو، مرکزی حکومت نے دہلی میں گروپ-اے کے نوکرشاہوں کے تبادلے اور تعیناتی کے لیے ایک اتھارٹی بنانے کے لیے حکومت قومی دارالحکومت علاقہ دہلی (ترمیمی) آرڈیننس، 2023 کو جاری کیا۔