نئی دہلی:سپریم کورٹ نے منگل کو'رام سیتو' کو قومی ورثہ کے طور پر اعلان کرنے کی ہدایت دینے کی اپیل پر غور کرنے سے انکار کردیا۔ 'رام سیتو'، جسے ایڈم برج بھی کہا جاتا ہے، تمل ناڈو کے جنوب مشرقی ساحل پر واقع پامبن جزیرہ اور سری لنکا کے شمال مغربی ساحل پر واقع منار جزیرہ کے درمیان پتھروں کا ایک پل ہے۔جسٹس سنجے کشن کول اور سدھانشو دھولیا کی بنچ کے سامنے سماعت کے لیے آئی اس درخواست میں اس جگہ پر دیوار کی تعمیر کے لیے بھی ہدایت دینے کی اپیل کی گئی تھی۔ یہ عرضی ہندو پرسنل لا بورڈ نے اپنے صدر اشوک پانڈے کے ذریعے دائر کی تھی۔
سپریم کورٹ میں ایک عرضی دائر کی گئی تھی جس میں رام سیتو کو قومی یادگار قرار دینے کی درخواست کی گئی تھی ۔ ایڈوکیٹ اشوک پانڈے کے ذریعہ دائر پی آئی ایل میں عقیدت مندوں کی سہولت کے لئے وہاں دیوار بنانے کی ہدایت دینے کی بھی درخواست کی گئی تھی ۔سپریم کورٹ نے 20 مارچ 2023 کو کہا تھا کہ وہ اس عرضی کے ساتھ اس درخواست کی فہرست بنائے گا جو اس سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر سبرامنیم سوامی نے دائر کی تھی، جس میں مرکز کو رام سیتو کو قومی ورثہ کی یادگار قرار دینے کی ہدایت کی درخواست کی گئی تھی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ رام سیتو، جسے ایڈم برج 'آدم کا پل' بھی کہا جاتا ہے، تمل ناڈو کے جنوب مشرقی ساحل کے قریب واقع پامبن جزیرہ سے سری لنکا کے شمال مغربی ساحل کے قریب منار جزیرے تک پتھروں کا ایک پل ہے۔