نئی دہلی: خواتین پہلوانوں کے معاملے میں سپریم کورٹ نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے منگل کو سات خواتین پہلوانوں کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں خواتین پہلوانوں نے ڈبلیو ایف آئی کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ پر جنسی ہراسانی کے الزام میں ان کے خلاف مقدمہ درج نہیں کرنے کا الزام لگایا ہے۔ جس پر سپریم کورٹ نے دہلی پولیس اور دیگر کو نوٹس جاری کیا ہے۔
چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا کی بنچ نے سینئر وکیل کپل سبل سے پوچھا کہ جنسی ہراسانی کے الزامات کے باوجود اب تک کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے۔ سی جے آئی نے کہا کہ بین الاقوامی کھیلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے والے پہلوانوں نے درخواست میں جنسی ہراسانی کے الزامات لگائے ہیں۔ اس معاملے پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ سپریم کورٹ اب خواتین پہلوانوں کی درخواست پر 28 اپریل کو سماعت کرے گی۔